مٹہ سوات میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن،4 دہشت گرد مارے گئے،ایلیٹ فورس اہلکار شہید
دہشتگردوں کو علاقے میں گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کامیابی سے جاری ہے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
سوات: مٹہ کے علاقے راشد سر میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے اہم اسٹریٹجک مقام پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مٹہ سوات کے علاقے راشد سر میں جاری آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس کے جوان کانسٹیبل گلفام دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جوان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔
حکام کے مطابق چار دہشت گرد ایک مکان میں پناہ لیے ہوئے تھے اور اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ آپریشن تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا دہشت گرد عناصر کی بزدلی اور ناکامی کا ثبوت ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔