اسلام آباد:پولیس بھرتی کے فزیکل ٹیسٹ کے دوران نوجوان امیدوار جاں بحق
لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ اسحاق پولیس بھرتی کے فزیکل ٹیسٹ میں شریک تھا۔
اسلام آباد: اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے فزیکل ٹیسٹ دینے آنے والا ایک نوجوان امیدوار دوڑ کے دوران اچانک بے ہوش ہو کر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ اسحاق پولیس بھرتی کے فزیکل ٹیسٹ میں شریک تھا۔ دوڑ کے دوران اس کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور وہ زمین پر گر کر بے ہوش ہوگیا۔
واقعے کے فوری بعد امدادی ٹیم نے نوجوان کو ایمبولینس کے ذریعے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ موت کی حتمی وجہ طبی معائنے اور متعلقہ رپورٹس کے بعد سامنے آئے گی۔
واقعے کے بعد مرحوم کے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی فزیکل ٹیسٹ کے دوران موجود طبی سہولیات اور ہنگامی امدادی انتظامات سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔