ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور کاروباری اداروں کےخلاف کارروائی کا حکم
حکومت ٹیکس کے حوالے سے برآمدی اور مقامی شعبے کو سہولت فراہم کرتی رہے گی
فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور کاروباروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اصلاحات سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ٹیکس کی استعداد کے تخمینے کے لیے جامع اور سائنٹیفک طریقہ کار وضع کرکے پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے حوالے سے برآمدی اور مقامی شعبے کو سہولت فراہم کرتی رہے گی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں موجود ہوں تاکہ کاروباری برادری کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے ٹیکس نظام میں بہتری اور ایف بی آر اصلاحات کے عمل کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔