ایف آئی اے کی کارروائی،جعلی ادویات تیار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب
بلدیہ ٹاؤن میں چھاپہ، کروڑوں روپے کی جعلی ادویات اور سامان برآمد
فائل فوٹو
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی ادویات تیار کرنے والے نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑ دیا اور کروڑوں روپے مالیت کی جعلی ادویات، خام مال، مشینری اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران معروف ادویہ ساز کمپنیوں کے نام پر تیار کی جانے والی بڑی مقدار میں جعلی جنسی ادویات برآمد کی گئیں، جبکہ ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر متعلقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گودام سے برآمد ہونے والی جعلی ادویات، خام مال اور مشینری کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان معروف ادویہ ساز کمپنیوں کے نام، پیکنگ اور برانڈ کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے جعلی ادویات تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کر رہے تھے۔
ایف آئی اے نے تمام جعلی ادویات، مشینری اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے ہیں جبکہ نیٹ ورک میں ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔