سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026،امتحان 16 اگست کو ہوگا

ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کے لیے سندھ سمیت مختلف مقامات پر 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں،

July 30, 2026 · قومی

سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا انعقاد 16 اگست بروز اتوار کیا جائے گا۔ امتحان سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز (SIBA Testing Services) کے زیرِ انتظام منعقد ہوگا۔

ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کے لیے سندھ سمیت مختلف مقامات پر 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور اسلام آباد شامل ہیں۔

کراچی میں امتحانی مرکز این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں قائم کیا گیا ہے، جبکہ حیدرآباد میں امتحان پبلک اسکول لطیف آباد میں لیا جائے گا۔ جامشورو میں امیدوار لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، میرپورخاص میں میر شیر محمد ٹالپر پبلک اسکول، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ واگن روڈ، شہید بینظیر آباد میں قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر امتحان دیں گے۔

اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے رہائشی امیدواروں کے لیے امتحانی مرکز پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں قائم کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے امتحانی مراکز پہنچیں۔ امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی بھی امیدوار کو ہال سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹیسٹنگ سروسز نے مزید بتایا کہ تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے الگ انتظار گاہوں کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ امیدواروں کو امتحانی ہال میں ضروری اسٹیشنری اور پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔