ڈیرہ اسماعیل خان میں بی ڈی ایس یونٹ کا کمرہ دھماکے سے تباہ
واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور باجوڑ میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں ایک جانب بارودی مواد تلف کرنے والے یونٹ (بی ڈی ایس) کا کمرہ دھماکے سے تباہ ہوگیا، جبکہ دوسری جانب نامعلوم افراد نے سرکاری پرائمری اسکول کو دھماکے سے نقصان پہنچایا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بی ڈی ایس یونٹ کے کمرے میں مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں کمرہ منہدم ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے لوئی خرکی واڑہ ماموند میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول کو دھماکے سے نقصان پہنچا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے عمارت میں بارودی مواد نصب کیا تھا، جس کے پھٹنے سے اسکول کی عمارت متاثر ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول پر حملے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ذمہ دار عناصر کی تلاش جاری ہے۔