آزاد کشمیر الیکشن میں شفافیت کی ضرورت، پیپلز پارٹی رہنما ندیم افضل چن
آزاد کشمیر میں الیکشن کے اگلے مرحلے کو شفاف بنانے کی کوشش کی جائے
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر انتخابات کے اگلے مرحلے میں دھاندلی نہ ہو، ہم نہیں چاہتے کہ تلخی بڑھے اور سسٹم کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے پروگرام “سینٹر اسٹیج” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات چاہتے تھے کیونکہ دنیا کی نظریں کشمیر کے الیکشن پر ہیں کہ یہاں یہ عمل کیسے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لوگ احتجاج کر رہے ہیں، اچھا موقع تھا کہ الیکشن صاف اور شفاف کروائے جاتے تاکہ ایک اچھا پیغام دنیا کو جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ تلخی پیدا ہو اور نظام کو نقصان پہنچے، ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات کے اگلے مرحلے بہتر ہوں۔
آج جو اسمبلی میں قرارداد منظور ہوئی ہم اس کی تائید کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ چھوٹے موٹے اختلافات کو بیٹھ کر حل کریں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور مظفر آباد کے درمیان معاملات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا، وہ کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت اور مظفر آباد ایک پیج پر ہوں گے تو ہی مسائل حل ہوں گے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لااینڈ آرڈر ہو، الیکشن کے دن جو بھی اسلحہ اٹھائے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، جو انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے اس سے سختی سے نمٹا جائے اور کسی کو کوئی رعائیت نہ دی جائے۔
بلاول بھٹو کے بیان سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پانچ دن سے کشمیر ہیں، اسی وجہ سے اسپیس ملی کہ لوگ انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔