میری ذاتی رائے میں کراچی اور گوادر صوبوں میں نہیں ہونے چاہئیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کراچی اور گوادر کو فیڈریشن کا حصہ بنانے کی تجویز دی
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کراچی اور گوادر کو صوبائی کنٹرول کے بجائے براہِ راست فیڈریشن (وفاق) کا حصہ بنانے کی نئی اور اہم تجویز دے دی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں کراچی اور گوادر کو صوبوں کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی ملک کا معاشی دارالحکومت ہے اور گوادر اقتصادی راہداری کے لحاظ سے انتہائی اہم جغرافیائی مرکز ہے، اس لیے ان دونوں اہم ترین شہروں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور وفاق کے تحت ہونے چاہئیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کی معاشی و اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر اگر انہیں فیڈریشن کا حصہ بنایا جائے تو ان کی ترقی اور انتظام و انصرام کو زیادہ بہتر انداز میں چلایا جا سکتا ہے۔
خواجہ آصف کی اس تجویز نے ملک کے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور اسے انتظامی و معاشی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں مثال دے رہا ہوں، صوبوں میں ایڈمنسٹریٹو یونٹس ہونے چاہئیں، جیسے ڈی جی خان کو کسی اور شہر سے ملاسکتے ہیں، سیالکوٹ کو شمالی پنجاب کے ساتھ ملاسکتے ہیں، ایسا نظام بننا چاہیئے جو آئندہ 50سال کی ضرورتوں کے مطابق چل سکے۔