کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں، بلاول بھٹو
کشمیری عوام کو وہی حقوق دلوانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور مستقبل سے متعلق فیصلے وہاں کے عوام کی مرضی اور رائے کے مطابق ہونے چاہئیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کو وہی حقوق دلوانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں۔ ان کے مطابق ان حقوق میں سب سے اہم حقِ حاکمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقِ حاکمیت کا مطلب یہ ہے کہ عوام کے ووٹ کو اہمیت دی جائے، لوگ جس امیدوار یا جماعت کے حق میں فیصلہ دیں، نتائج بھی اسی عوامی رائے کے مطابق ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر سے متعلق پانی، بجلی اور بجٹ جیسے اہم معاملات کے فیصلے کرنے والے اداروں میں کشمیری عوام کی نمائندگی اور آواز ہونی چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 2 اگست کو ہونے والے انتخابات میں اپنے حقِ حاکمیت کے لیے ووٹ کا استعمال کریں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔