مریم نواز کی امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت

پنجاب حکومت کاروبار کے آغاز میں آسانی پیدا کرنے کے لیے "زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ" پالیسی پر عمل کر رہی ہے

August 1, 2026 · قومی

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سے ملاقات کرتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کاروبار کے آغاز میں آسانی پیدا کرنے کے لیے “زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ” پالیسی پر عمل کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا طویل عرصے سے اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری اعتماد اور تعاون کے فروغ کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات کو سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صحت، توانائی، معدنیات اور نجی شعبے کے تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جہاں زراعت، صنعت اور سروسز کے شعبوں میں صوبے کا نمایاں حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بڑی آبادی، نوجوان افرادی قوت، اسپیشل اکنامک زونز اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو سہولت، صنعتی زمین، ٹیکس مراعات اور دیگر آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت لائسنسنگ کے مختلف اداروں کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ کاروباری عمل کو مزید آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، الیکٹرک موبلٹی، ہاؤسنگ، سیاحت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ تین برسوں میں 7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس میں سرکاری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت امریکی کمپنیوں کے ساتھ ٹیکنالوجی منتقلی اور فنی تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے اور سرمایہ کاری کے ہر منصوبے پر تیز رفتار عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔