داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے عرس پر لاہور ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری
غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔
لاہور: حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 983ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک انتظامات کا پلان جاری کر دیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی سے عرس انتظامیہ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں زائرین کی آمدورفت، دودھ کی سبیلوں اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق عرس کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز اور 900 سے زائد وارڈنز تعینات کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔
زائرین کی گاڑیوں کے لیے 5 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دودھ کی سبیلوں کے لیے آنے والی گاڑیوں، ریڑھوں اور رکشوں کی آمدورفت کے لیے مخصوص راستے مقرر کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور ٹریفک کی بہتری کے لیے بعض مخصوص سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پلان پر عمل کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔