سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ،فوت ریٹائرڈ ملازم کی پنشن کی قانونی حق دار بیوہ قرار
متوفی ملازم کے بہن بھائی وراثت کے قانونی وارث ہو سکتے ہیں، تاہم اس بنیاد پر انہیں پنشن یا سروس مراعات کا حق حاصل نہیں ہو جاتا۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پنشن کی قانونی حق دار بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص ہوگا، جبکہ صرف قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر بہن بھائی پنشن کے مستحق نہیں بن سکتے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جاری ہونے والے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین، سروس رولز اور ادارہ جاتی ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔
عدالت نے واضح کیا کہ متوفی ملازم کے بہن بھائی وراثت کے قانونی وارث ہو سکتے ہیں، تاہم اس بنیاد پر انہیں پنشن یا سروس مراعات کا حق حاصل نہیں ہو جاتا۔
سپریم کورٹ نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ایک فوت شدہ ملازم کے بہن بھائیوں کی جانب سے وراثت نامہ جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پنشن ایک مخصوص قانونی حق ہے، جس کی ادائیگی صرف متعلقہ قوانین میں درج مستحق افراد کو ہی کی جا سکتی ہے۔