دبئی سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے پرواز میں ہنگامہ آرائی

خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کیا،

August 1, 2026 · قومی

دبئی: دبئی سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 212 آپریشنل تاخیر اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی، جس پر متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کیا، جس کے باعث پرواز پی کے 212 تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔

انتظار کے دوران مسافروں کو جہاز کے اندر کھانا فراہم کیا گیا، تاہم تاخیر بڑھنے پر چند مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے بد نظمی پیدا کی۔ رپورٹ کے مطابق بعض افراد نے کاک پٹ کی جانب جانے کی کوشش کی، تاہم فضائی عملے نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامے کے دوران ایک مشتعل مسافر نے جہاز کی ایک کھڑکی کو بھی نقصان پہنچایا، جس کے بعد دبئی ایئرپورٹ سیکیورٹی کو طلب کیا گیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے طیارے کا دروازہ کھلوا کر ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا، جبکہ صورتحال قابو میں آنے کے بعد پرواز منسوخ کر دی گئی۔

ترجمان کے مطابق طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔ پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 212 اب آج رات 11 بج کر 15 منٹ پر دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کی جائے گی۔