شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،5 دہشت گرد ہلاک،میجر حافظ احسان الٰہی شہید
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے ایک افسر میجر حافظ احسان الٰہی شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی یکم اگست کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر کی گئی۔ فورسز نے ہدف بنائے گئے مقام پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ مسلح دہشت گردوں کو مار گرایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی، جن کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا، جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مارے جانے والے افراد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر ہونے والے متعدد حملوں میں مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔