آزاد کشمیر انتخابات:چیف الیکشن کمشنر کی ووٹرز سے بھرپور شرکت کی اپیل
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوگی
آزاد کشمیر انتخابات:چیف الیکشن کمشنر کی ووٹرز سے بھرپور شرکت کی اپیل
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے حقِ رائے دہی ضرور استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین کی تمام نشستوں کے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ نیلم اور جہلم ویلی کے حلقوں میں بھی پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے۔ مظفرآباد کے باقی حلقوں میں بھی سامان کی فراہمی آخری مرحلے میں ہے اور پولنگ عملہ سخت سکیورٹی کے ساتھ متعلقہ مقامات کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ ہر شہری کی امانت ہے، اس لیے عوام سوچ سمجھ کر اہل اور دیانتدار امیدوار کا انتخاب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت ہی مضبوط جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامی اور سکیورٹی اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، اور ووٹرز کو بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنا چاہیے۔