پنجاب بار کونسل کا بڑا اقدام،777 وکلا کے لائسنس معطل
2022 سے 2023 کے دوران متعدد وکلا نے مطلوبہ ٹیسٹ کامیابی سے پاس کر کے اپنے نتائج جمع کرا دیے، لیکن 777 وکلا اب تک یہ شرط پوری نہیں کر سکے۔
پنجاب بار کونسل نے لا گریجویٹ اسسمنٹ ٹیسٹ (Law GAT) پاس نہ کرنے والے 777 وکلا کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔
بار کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وبا کے دوران عدالتی ہدایات کی روشنی میں تقریباً 3 ہزار 400 وکلا کو عارضی طور پر بغیر ٹیسٹ لائسنس جاری کیے گئے تھے، تاہم بعد ازاں انہیں مقررہ مدت کے اندر لازمی طور پر لا گیٹ ٹیسٹ پاس کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ 2022 سے 2023 کے دوران متعدد وکلا نے مطلوبہ ٹیسٹ کامیابی سے پاس کر کے اپنے نتائج جمع کرا دیے، لیکن 777 وکلا اب تک یہ شرط پوری نہیں کر سکے۔
پنجاب بار کونسل کے مطابق مقررہ تقاضے پورے نہ کرنے والے وکلا کے لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں، جبکہ معطل شدہ وکلا کی فہرست متعلقہ سیشن ججوں اور بار ایسوسی ایشنز کو بھی ارسال کی جا رہی ہے۔
بار کونسل کا کہنا ہے کہ لائسنس کی بحالی کے لیے متعلقہ وکلا کو قانون کے مطابق ضروری شرائط پوری کرنا ہوں گی۔