ملک محمد اقبال چنڑ کی نمازِ جنازہ ادا، سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت
نمازِ جنازہ کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی
قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کی نمازِ جنازہ بہاولپور میں ادا کر دی گئی، جس میں سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، ملک تیمور خان اور امجد مان سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر صوبائی وزرا، اراکینِ پنجاب اسمبلی، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، اعلیٰ سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندے اور شہری بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
نمازِ جنازہ کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مقررین نے مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کی سیاسی، پارلیمانی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے بھی اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔