کراچی میں یومِ شہدائے سندھ پولیس ریس،ہزاروں افراد شریک
ریس میں مرد، خواتین، بچے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری شامل تھے
کراچی: یومِ شہدائے سندھ پولیس کے موقع پر کراچی کے ساحلی علاقے میں پانچ کلومیٹر ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے سندھ پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
منتظمین کے مطابق ریس میں پانچ ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا، جن میں مرد، خواتین، بچے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری شامل تھے۔ شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ دوڑ میں حصہ لیا اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا مقصد سندھ پولیس کے شہداء کی خدمات کو یاد کرنا، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد اور روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ریس کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں کیش انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ شرکاء نے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔