راجن پور میں مبینہ فوڈ پوائزننگ،ایک بچہ جاں بحق،37 افراد ہسپتال منتقل

30 افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال جبکہ 7 افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال روجھان منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

August 2, 2026 · قومی

راجن پور: پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے عمرکوٹ میں مبینہ طور پر سویاں کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کی طبیعت خراب ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کے 37 افراد کو طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ان میں سے 30 افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال جبکہ 7 افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال روجھان منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تمام افراد کی طبیعت سویاں کھانے کے بعد خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ خوراک کے نمونے بھی جانچ کے لیے حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ متاثرین کی حالت خراب ہونے کی وجہ کیا تھی۔

حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی حقائق سامنے آئیں گے۔