دعائیہ تقریبات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

اہم مقامات پر سنائپرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (PRU) اور ایلیٹ فورس کو بھی مؤثر گشت جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

August 2, 2026 · قومی

لاہور: پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ گرجا گھروں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں، جبکہ حساس گرجا گھروں پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے۔ اہم مقامات پر سنائپرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ڈولفن اسکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (PRU) اور ایلیٹ فورس کو بھی مؤثر گشت جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تمام افسران اور اہلکاروں کو ہر وقت چوکس رہنے، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور گرجا گھروں و حساس مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے علما، مسیحی برادری کے نمائندوں اور ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین پر بھی زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ دعائیہ تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔