آزاد کشمیر انتخابات:پیپلزپارٹی نے انتخابی انتظامات پر الیکشن کمیشن میں شکایات جمع کرا دیں

حلقہ ایل اے 31 میں رنگلہ اور کٹکیر روڈ بند ہونے کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں

August 2, 2026 · قومی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی انتظامات سے متعلق متعدد شکایات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہیں۔

پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور کے مطابق حلقہ ایل اے 31 میں رنگلہ اور کٹکیر روڈ بند ہونے کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں، جس کی وجہ سے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقہ ایل اے 34 کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو فرائض انجام دینے سے روکا جا رہا ہے، جس پر پارٹی نے الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے 28 کے 71 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچنے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو تحریری شکایت بھی ارسال کر دی ہے۔

شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عملہ مقررہ وقت پر نہ پہنچنے کے باعث متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا آغاز تاخیر سے ہوا، جس سے ووٹرز کو انتظار اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر عملہ تعینات کیا جائے، پولنگ میں ضائع ہونے والے وقت کا ازالہ کیا جائے اور ضرورت کے مطابق پولنگ کے اوقات میں توسیع کی جائے۔

پارٹی نے انتخابی عمل میں مبینہ انتظامی کوتاہیوں کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن حکام کی جانب سے شکایات پر کارروائی کا عمل جاری ہے۔