پشاور میں زیر تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی، 6 مزدور زخمی
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبنے والے افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے شاہ عالم شکرپورہ میں زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے 6 مزدور زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبنے والے افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی مزدوروں کو مزید علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ زیر تعمیر عمارت کی دیوار اچانک گرنے کے باعث پیش آیا۔ متعلقہ ادارے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔
مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت امدادی اقدامات کے باعث زخمیوں کو جلد طبی امداد فراہم کی جا سکی۔