ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم نہ کیا جائے، شیری رحمان
ایل اے-28، ایل اے-31، ایل اے-25 اور ایل اے-34 سمیت مختلف حلقوں کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ میں تاخیر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں بعض پولنگ اسٹیشنز پر تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔
شیری رحمان نے کہا کہ انتخابی عملے کی تاخیر کے باعث ووٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا، جو انتخابی انتظامات پر سوالات اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل اے-28، ایل اے-31، ایل اے-25 اور ایل اے-34 سمیت مختلف حلقوں کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ میں تاخیر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما نے الزام عائد کیا کہ ایل اے-31 کے بعض علاقوں میں راستے بند ہونے کے باعث ووٹرز کو مشکلات پیش آئیں اور کئی گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔
شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی عمل میں پیش آنے والی شکایات کا فوری نوٹس لے اور تمام ووٹرز کو بلا رکاوٹ حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدار انتخابات جمہوری نظام کی بنیادی ضرورت ہیں، اس لیے تمام انتظامات کو مؤثر بنایا جانا چاہیے۔