صرف 5 ووٹوں کے لیے 2 پولنگ اسٹیشن قائم،425اہلکار تعینات

اس حلقے میں صرف دو رجسٹرڈ خواتین ووٹرز موجود تھیں، تاہم مقررہ وقت تک کوئی ووٹ کاسٹ نہیں کیا جا سکا۔

August 2, 2026 · قومی

لاڑکانہ اور چنیوٹ میں آزاد کشمیر کی مہاجر نشستوں کے انتخابات کے لیے صرف 5 رجسٹرڈ ووٹرز کے باوجود دو پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جہاں سکیورٹی اور انتخابی عملے کی بڑی تعداد تعینات رہی۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں قائم پولنگ اسٹیشن پر عملے اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 25 افراد اپنی ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔ اس حلقے میں صرف دو رجسٹرڈ خواتین ووٹرز موجود تھیں، تاہم مقررہ وقت تک کوئی ووٹ کاسٹ نہیں کیا جا سکا۔

دوسری جانب چنیوٹ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر صرف تین ووٹ رجسٹرڈ تھے۔ یہاں سکیورٹی کے لیے 400 سے زائد پولیس اہلکار، طبی عملہ اور انتخابی اسٹاف تعینات رہا۔

پولنگ کے دوران پریذائیڈنگ افسر اور دیگر عملہ ووٹرز کے انتظار میں موجود رہے، تاہم رپورٹ کے مطابق مقررہ وقت تک ایک بھی ووٹ کاسٹ نہیں ہو سکا۔