قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر واقعے کی فوری تحقیقات کرائے اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنائے۔الیکشن کمیشن سے مطالبہ
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کے بعد پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں ہنگامی شکایت جمع کرا دی اور واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پارٹی کے مطابق واقعہ پولنگ کے دوران پیش آیا، جہاں چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ طور پر جسمانی حملہ کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ یہ صرف ایک انتخابی واقعہ نہیں بلکہ ریاستی آئینی منصب کے وقار پر بھی حملہ ہے، جس پر فوری ادارہ جاتی کارروائی ہونی چاہیے۔
پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ اس واقعے میں ملوث ہیں۔ پارٹی کے مطابق نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔
شکایت میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر واقعے کی فوری تحقیقات کرائے اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران تشدد اور دباؤ قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔