داتا علی ہجویریؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی عقیدت و احترام سے جاری
تقریبات کے دوران پاکستان کی سلامتی، امن، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی جا رہی ہیں۔
حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات دوسرے روز بھی بھرپور مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ جاری ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے ہزاروں زائرین داتا دربار پر حاضری دے رہے ہیں، جہاں ان کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عرس کے موقع پر زائرین کے لیے لنگر، دودھ کی سبیل اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جبکہ دربار پر محافلِ نعت، ذکر و اذکار، اجتماعی دعاؤں اور روحانی اجتماعات کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں علماء کرام، مشائخ عظام اور بڑی تعداد میں عقیدت مند شریک ہو رہے ہیں۔
تقریبات کے دوران پاکستان کی سلامتی، امن، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ داتا دربار کے اطراف میں سکیورٹی، ریسکیو سروسز، میڈیکل کیمپس، صفائی اور ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق عرس کی تقریبات کے باعث داتا دربار اور گرد و نواح میں غیر معمولی رش متوقع ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ زائرین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھیں اور انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔