جڑانوالہ میں ٹرک اور موٹر سائیکل رکشہ میں تصادم،2 افراد جاں بحق

تصادم انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ تنویر اور 18 سالہ اعظم علی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

August 3, 2026 · قومی

فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں اڈہ جوہل کے قریب ٹرک اور موٹر سائیکل رکشہ کے درمیان ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تصادم انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ تنویر اور 18 سالہ اعظم علی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 25 سالہ عبداللہ، 30 سالہ آفاق اور 40 سالہ محسن شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔