ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر جھگڑا،فائرنگ کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا

مقدمے کے اندراج کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے کسی بھی دھڑے کی جانب سے اب تک رابطہ نہیں کیا گیا۔

August 3, 2026 · قومی

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر دو گروپوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے اور فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔

پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے کسی بھی دھڑے کی جانب سے اب تک رابطہ نہیں کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ فریق رابطہ کرتا ہے تو فوری طور پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق اگر کسی جانب سے درخواست موصول نہ ہوئی تو مقدمہ درج کرنے کے معاملے پر اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز میں ایک گروپ کا اجلاس جاری تھا کہ دوسرے گروپ کے کارکن وہاں پہنچ گئے، جس کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی، ہاتھا پائی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ایک شخص ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد بہادر آباد کے اطراف کئی دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند ہو گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔