ہنگو میں نجی بینک پر مسلح افراد کا حملہ، منیجر اور کیشیئر اغوا

واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مغوی افراد کی بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

August 3, 2026 · قومی

ہنگو: ضلع ہنگو کے علاقے دلن میں نجی بینک پر مسلح نقاب پوش افراد نے حملہ کر کے بینک منیجر اور کیشیئر کو اغوا کر لیا۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد بینک میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بینک کے اندر موجود سامان کو نقصان پہنچا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور کمپیوٹرز کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور بینک منیجر وسیم آفریدی اور کیشیئر علاءالدین کو اپنے ساتھ لے گئے اور انہیں چھپری ویزران کی جانب منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مغوی افراد کی بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔