راولپنڈی میں موسلادھار بارش،کئی علاقے زیرِ آب، ایمبولینس بھی پانی میں پھنس گئی

بارش کے بعد نکاسی آب کے مسائل کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی، جبکہ انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

August 3, 2026 · قومی

راولپنڈی(اُمت نیوز)شہر میں ہونے والی شدید بارش کے باعث مختلف علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بارش کے بعد ڈھوک کھبہ کی مرکزی شاہراہ پانی میں ڈوب گئی، جبکہ کئی آبادیوں میں بارش کا پانی داخل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ اسی دوران ایک ایڈھی ایمبولینس بھی گہرے پانی میں پھنس گئی، جسے مقامی افراد نے مدد کرتے ہوئے دھکا دے کر نکالا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد نکاسی آب کے مسائل کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی، جبکہ انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور متعلقہ اداروں سے نکاسی آب کے لیے فوری کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔