آزاد کشمیر انتخابات،دوسرے مرحلے میں 7 نئے امیدوار اسمبلی پہنچ گئے
دونوں مراحل میں کامیاب ہونے والے نئے ارکان کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے امیدوار پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے، جس کے بعد دونوں مراحل میں کامیاب ہونے والے نئے ارکان کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق مظفرآباد ڈویژن سے 2 جبکہ مہاجرین کی مخصوص نشستوں سے 5 نئے چہرے پہلی بار اسمبلی کا حصہ بنے ہیں۔
ایل اے 29 مظفرآباد سٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختیار احمد نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی میں جگہ بنائی۔ انہوں نے اس حلقے میں سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دی۔
مسلم لیگ (ن) کے راجا ثاقب مجید ایل اے 31 کھاوڑہ سے جبکہ محمد احسن رضا ایل اے 36 جموں 3 سے پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
اسی طرح مہاجرین کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ذیشان علی (ایل اے 38 جموں 5)، محمد عامر شاہ (ایل اے 41 کشمیر ویلی 2) اور محمد یاسین لون (ایل اے 43 کشمیر ویلی 4) بھی پہلی مرتبہ اسمبلی میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔
دوسرے مرحلے میں ایک خاتون امیدوار بھی پہلی بار قانون ساز اسمبلی کا حصہ بنی، جبکہ اس سے قبل پہلے مرحلے کے انتخابات میں بھی 5 نئے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔
یوں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دونوں مرحلوں کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد مجموعی طور پر 12 نئے چہرے پہلی مرتبہ اسمبلی میں نمائندگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔