آزاد کشمیر میں ہماری فتح مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی،عطا تارڑ

مخالفین کے الزامات پر شواہد پیش کرنے کا مطالبہ، وفاقی وزیر کا مؤقف

August 3, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے، لیکن مخالفین کو یہ فتح ہضم نہیں ہورہی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ شرجیل انعام میمن کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، الزامات لگانے والے شواہد بھی پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2024 کے انتخابات پر سوال اٹھائے جائیں گے تو سندھ پر بھی سوالات اٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی نوک جھونک جمہوریت کا حصہ ہے، تاہم برداشت، تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق مخالفین کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں تھا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عوام نے انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تعمیر و ترقی اور کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی کو ترجیح دی۔ وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کو مبارکباد دے کر اچھی روایت قائم کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کو تسلیم کرنا چاہیے۔