فلسطین کے لیےماہرہ خان کی بڑی کاوش،برطانیہ میں لاکھوں پاؤنڈزکا عطیہ جمع کرلیا

مہم کے دوران ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے 6 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) جمع کیے۔

August 3, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی : پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے برطانیہ میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے فلاحی مہم کے دوران ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے 6 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) جمع کرلیے۔

ماہرہ خان گزشتہ دنوں مختلف تقریبات میں شرکت کے لیے برطانیہ میں موجود تھیں، جہاں انہوں نے مداحوں سے ملاقات (میٹ اینڈ گریٹ) کے خصوصی سیشنز کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطینی متاثرین کے لیے مختص کی گئی۔

منتظمین کے مطابق ان تقریبات کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو فلسطینی عوام کی امداد کے لیے عطیہ کر دیے گئے۔ برطانیہ میں ان فلاحی تقریبات کے میزبان ہارون رشید نے بھی سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ماہرہ خان اس سے قبل بھی فلسطین کے معاملے پر اظہارِ یکجہتی کرتی رہی ہیں۔ وہ غزہ کے متاثرین کے حق میں آواز بلند کرنے کے ساتھ انسانی بحران کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کرتی رہی ہیں۔

اداکارہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کی خیرسگالی سفیر بھی ہیں اور مختلف سماجی و انسانی فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

ماہرہ خان کی اس کاوش کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی سراہا اور متعدد مداحوں نے ان کے فلاحی جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔