چہلم کے موقع پر راولپنڈی میں آج مقامی تعطیل، تعلیمی ادارے بند

کنٹونمنٹ علاقوں کے علاوہ تحصیل راولپنڈی کی میونسپل حدود میں واقع تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، جن میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں شامل ہیں، آج بند رہیں گے۔

August 4, 2026 · قومی

راولپنڈی میں چہلم کے موقع پر آج (4 اگست) مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کنٹونمنٹ علاقوں کے علاوہ تحصیل راولپنڈی کی میونسپل حدود میں واقع تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، جن میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں شامل ہیں، آج بند رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق چہلم کے مرکزی جلوس کے روٹ اور اس سے ملحقہ بازاروں اور تجارتی مراکز کو بھی جلوس کے دوران بند رکھا جائے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور سیکیورٹی انتظامات میں سہولت ہو۔

ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت پنجاب کی جانب سے دیے گئے اختیارات کے تحت کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ سرکاری اداروں، تعلیمی حکام، پولیس اور ٹریفک پولیس سمیت دیگر اداروں کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اور ٹریفک سے متعلق جاری ہدایات پر عمل کریں اور جلوس کے دوران متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔