آزاد کشمیر الیکشن:ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے 54 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ جاری
پولنگ کا عمل صبح سے شروع ہوا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے 54 پولنگ اسٹیشنز پر آج ووٹنگ کا آغاز ہو گیا، جہاں ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح سے شروع ہوا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ان حلقوں میں 2 اگست کو خراب موسم اور راستوں کی بندش کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی، کیونکہ انتخابی عملہ اور پولنگ میٹریل مقررہ وقت پر پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ سکا تھا۔
اس سے قبل مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کے انتخابات مکمل کیے گئے تھے، تاہم بعض علاقوں میں موسمی حالات کے باعث ووٹنگ ممکن نہ ہو سکی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں منعقد ہوگا، جہاں مقررہ شیڈول کے تحت ووٹنگ کرائی جائے گی۔