یومِ شہدائے پولیس:شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر،اہلِ خانہ کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے، صدر اور وزیراعظم
صبر، استقامت اور حوصلہ پوری قوم کے لیے قابلِ احترام ہے، شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے
یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس کے شہداء، افسران اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے امن، سلامتی اور قانون کی بالادستی کے لیے دی گئی ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے ملک کے امن و استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صفِ اول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔
صدر مملکت نے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پولیس کو جدید تربیت، ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل سے مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ فورس اپنی ذمہ داریاں زیادہ مؤثر انداز میں انجام دے سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کا صبر اور حوصلہ قابلِ احترام ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں اور دیگر سماجی معاونت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، جدید وسائل کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ ملک میں امن، انصاف اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔