داتا دربار عرس اور چہلم کے باعث لاہور میں آج میٹرو بس سروس معطل
میٹرو بس سروس کے تمام اسٹیشنز اور پورے روٹ پر آپریشن آج کے لیے معطل رہے گا، جبکہ مسافروں سے متبادل سفری ذرائع استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس اور چہلم کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کے پیش نظر آج میٹرو بس سروس عارضی طور پر مکمل بند رکھی جائے گی۔
حکام کے مطابق میٹرو بس سروس کے تمام اسٹیشنز اور پورے روٹ پر آپریشن آج کے لیے معطل رہے گا، جبکہ مسافروں سے متبادل سفری ذرائع استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
تاہم اورنج لائن ٹرین اپنی معمول کی سروس کے مطابق چلتی رہے گی، جبکہ اسپیڈو بس کے تمام روٹس بھی معمول کے مطابق فعال رہیں گے اور شہری ان خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے پیش نظر میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک سروس عارضی طور پر بند رہے گی، جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس معمول کے مطابق آپریشن جاری رکھے گی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل ٹریفک پلان اور متبادل ٹرانسپورٹ کا جائزہ لے کر اپنی سفری منصوبہ بندی کریں۔