اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانی، اراضی خرید و فروخت کا نیا ڈیجیٹل نظام شروع
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے جدید نظام کے تحت اب اوورسیز پاکستانی پاکستان آئے بغیر اپنی جائیداد کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
لاہور: بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے جائیداد سے متعلق خدمات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے ذریعے پنجاب میں واقع اراضی کی پہلی ڈیجیٹل رجسٹری کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے جدید نظام کے تحت اب اوورسیز پاکستانی پاکستان آئے بغیر اپنی جائیداد کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
اس اقدام کے تحت لندن میں مقیم ایک پاکستانی شہری نے پنجاب کے ضلع دینہ میں موجود اپنی اراضی پاکستان میں موجود خریدار کے نام منتقل کی۔ رجسٹری کے عمل کے دوران فروخت کنندہ کا بیان لندن سے محفوظ ڈیجیٹل رابطے کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا اور تمام قانونی مراحل جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل کیے گئے۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے حکام کے مطابق یہ اقدام اراضی کے معاملات میں شفافیت بڑھانے، اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کو مضبوط کرنے اور خدمات کو مزید آسان بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ سہولت برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے شروع کی گئی ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں تک اس سہولت کو توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، شفاف اور آسان اراضی خدمات فراہم کرنے کا عمل مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔