مسلم لیگ (ن) پورے ملک کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے،مریم نواز

ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے خوشاب میں عوام کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا

August 4, 2026 · قومی

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خوشاب سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقے کو درپیش عوامی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے خوشاب میں عوام کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے متعلقہ مسائل کے جلد اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ارکانِ اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں عوامی حمایت حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز اور آزاد کشمیر کے لیے 10 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کے اقدام کو بھی سراہا۔

مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں عوامی حمایت رکھنے والی جماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف کی قیادت میں ترقی اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، اور حکومت عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔