کینجھرا جھیل آئے کراچی کے سیاحوں پر اوباشوں کا حملہ ، خواتین سمیت 4 افراد زخمی
چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر اوباش نوجوان طیش میں آ گئے اور کلہاڑیوں، چھریوں اور تیز دھار آلات سے فیملی پر حملہ کر دیا۔
فائل فوٹو
ٹھٹھہ/ کراچی: معروف تفریحی مقام کینجھر جھیل پر آئے کراچی کے سیاحتی خاندان پر مقامی اوباش نوجوانوں نے چھریوں اور کلہاڑیوں کے وار کر کے دو خواتین سمیت 4 افراد کو شدید زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی بلاک 29 سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کینجھر جھیل پر تفریح کے لیے آئی ہوئی تھی۔ جھیل میں نہانے کے دوران علاقے کے چند اوباش نوجوانوں نے فیملی کی خواتین سے چھیڑ چھاڑ کی اور بدتمیزی کی۔
فیملی کے مردوں کی جانب سے چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر اوباش نوجوان طیش میں آ گئے اور کلہاڑیوں، چھریوں اور تیز دھار آلات سے فیملی پر حملہ کر دیا۔ اچانک ہونے والے اس پرتشدد حملے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریب واقع اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
دوسری جانب حملے کے بعد پولیس کی روایتی بے حسی سامنے آ گئی ہے،مقامی پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی سے گریز شروع کر دیا ہے، جس پر متاثرہ خاندان نے آئی جی سندھ سے فوری انصاف کی اپیل کر دی ہے۔