القدس سے متعلق اجلاس،اسحاق ڈار اردن روانہ

فلسطین کی صورتحال، القدس اور علاقائی امور پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی ، ترجمان دفتر خارجہ

August 4, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات سرکاری دورے پر اردن روانہ ہو گئے، جہاں وہ 5 اگست کو عمان، اردن میں القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار یہ دورہ اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے گروپ کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد مقبوضہ القدس میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر متفقہ اور مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔

اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔

اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر شریک وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت فلسطینی عوام کی اصولی حمایت اور قیامِ فلسطین کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے۔