اسلام آباد: 21 صفر کے جلوس کےلیے ٹریفک کا خصوصی پلان جاری

ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں اور ڈائیورشن کا پلان جاری کر دیا۔

August 4, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: تھانہ آبپارہ کے علاقے G-7/2 میں 21 صفر 2026 کو علی مسجد سے برآمد ہونے والے مذہبی جلوس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں اور ڈائیورشن کا پلان جاری کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق کیٹیگری B کے اس جلوس میں 400 سے 500 افراد کی شرکت متوقع ہے۔ جلوس دوپہر 3:00 بجے علی مسجد G-7/2 سے شروع ہوگا اور ڈیڑھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے خیبر پلازہ سے واپس علی مسجد پہنچ کر رات 7:00 بجے اختتام پذیر ہوگا۔

ڈائیورشن اور متبادل راستے:

خیبر پلازہ چوک: G-7/2 سروس روڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کے لیے ڈائیورشن ہوگی۔ G-7 سیکٹر سے بلیو ایریا، F-6، F-7 یا مارگلہ روڈ جانے والے شہری فضل حق روڈ، جناح ایونیو اور فیصل ایونیو استعمال کریں۔

گلی نمبر 7-A (فضل حق): F-6 اور F-7 سپر مارکیٹ سے راولپنڈی جانے والے ڈرائیورز جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور فیصل ایونیو کا انتخاب کریں۔

سروس موڑ (چرچ G-7/2): خیبر پلازہ کی طرف ٹریفک بند رہے گی۔ شہری G-7 سیکٹر سے آبپارہ مارکیٹ اور ستارہ مارکیٹ سروس روڈ استعمال کریں۔

G-7/2 اسکول نمبر 9: عوامی مارکیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ F-6 اور F-7 سے راولپنڈی جانے والے جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور فیصل ایونیو استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران زحمت سے بچنے کے لیے آئی ٹی پی ریڈیو FM 92.4 پر جاری کی جانے والی تازہ ترین اطلاعات پر عمل کریں۔