گورنر خیبر پختونخوا کا یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور یومِ استحصالِ کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے

August 5, 2026 · قومی

پشاور: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی۔

ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور یومِ استحصالِ کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ ان کے بقول قومی مفاد اور امن کے معاملات پر پوری قوم متحد ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو۔