تربیلا ڈیم 95 فیصد بھر گیا،پانی کی سطح 1545 فٹ تک پہنچ گئی
گزشتہ سال 5 اگست کو بھی ڈیم تقریباً 94 فیصد بھر چکا تھا، تاہم رواں سال پانی کی سطح میں مزید تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تربیلا: حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث تربیلا ڈیم 95 فیصد بھر گیا ہے، جبکہ ڈیم میں پانی کی سطح 1545 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جو اس کی زیادہ سے زیادہ ذخیرہ گنجائش 1550 فٹ سے صرف 5 فٹ کم ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 5 اگست کو بھی ڈیم تقریباً 94 فیصد بھر چکا تھا، تاہم رواں سال پانی کی سطح میں مزید تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈیم میں پانی کی مسلسل آمد کے پیش نظر انتظامیہ نے سپل ویز کی پوزیشن تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق نئی ترتیب کے بعد سپل ویز سے تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک پانی خارج کیا جائے گا تاکہ ڈیم میں پانی کی سطح کو محفوظ حد میں برقرار رکھا جا سکے۔
متعلقہ حکام نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریا کے کناروں اور پانی کے بہاؤ والے مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور پانی کے اخراج سے متعلق فیصلے موسم اور پانی کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔