حضرت داتا گنج بخشؒ کا تین روزہ سالانہ عرس اختتام پذیر

اختتامی دعا میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

August 5, 2026 · قومی

لاہور: حضرت داتا گنج بخشؒ کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ عرس کے آخری روز ملک بھر سے آنے والے ہزاروں عقیدت مندوں نے داتا دربار پر حاضری دی اور ملک و قوم کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

اختتامی دعا داتا دربار کے خطیب مولانا مختار احمد ندیم نے کرائی، جس میں صوبائی وزیر اوقاف پنجاب چودھری شافع حسین، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی علی ڈار، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، مینیجر حسن رضوان، سردار گوہر مصطفیٰ اور دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی۔

عرس کی تقریبات کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے سکیورٹی، صفائی، رہائش، طبی امداد اور ٹریفک انتظامات سمیت مختلف سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اختتامی دعا میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔