چمن اور لکی مروت میں دستی بم حملے، 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
چمن/لکی مروت: بلوچستان کے ضلع چمن اور خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دو مختلف دستی بم حملوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے بہرام خیل میں ایک گھر کے اندر دستی بم پھٹنے سے تین افراد جاں بحق ہوئے، جن میں رشید نامی شخص، اس کی بھابھی اور کمسن بھتیجا شامل ہیں، جبکہ تین بچے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چمن میں قومی شاہراہ کی تعمیر پر مامور مزدوروں کو دستی بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے رات کے وقت سوئے ہوئے مزدوروں پر دستی بم پھینکا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
زخمی مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔