اونچے درجے کا سیلاب، بابوسر ٹاپ شاہراہ ٹریفک کے لیے بند

مسافروں اور سیاحوں کو متبادل راستے کے طور پر شاہراہ قراقرم استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

August 5, 2026 · قومی

گلگت بلتستان: اونچے درجے کے سیلابی ریلے کے باعث بابوسر ٹاپ شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ شاہراہ قراقرم بھی ٹرک الٹنے کے باعث متاثر ہوئی۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مطابق بابوسر شاہراہ پر تھک کے مقام پر زیرو پوائنٹ کے قریب اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سڑک کو مکمل طور پر بند کیا گیا ہے۔ حکام نے مسافروں اور سیاحوں کو متبادل راستے کے طور پر شاہراہ قراقرم استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب شاہراہ قراقرم پر شنگ نالہ کے قریب ایک مال بردار ٹرک الٹنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

این ایچ اے کے مطابق متاثرہ ٹرک کو ہٹانے اور شاہراہ کی بحالی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور بھاری مشینری موقع پر موجود ہیں جبکہ گونر فارم چیک پوسٹ پر مزید گاڑیوں کے داخلے کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو موسم اور سڑکوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔