کراچی ٹرالر حادثہ،جاں بحق نوجوان کے والد نے 13 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا
متوفی نوجوان کے والد محمد سرفراز نے ٹینکر ڈرائیور حفیظ اللہ اور گاڑی کے مالک گلفراز خان کے خلاف ہرجانے کی درخواست دائر کی۔
کراچی: بنارس پل پر ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان فیضان کے والد نے عدالت میں 13 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر سول جج غربی کی عدالت میں متوفی نوجوان کے والد محمد سرفراز نے ٹینکر ڈرائیور حفیظ اللہ اور گاڑی کے مالک گلفراز خان کے خلاف ہرجانے کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 11 محرم کو پیش آنے والے حادثے میں ان کا 24 سالہ بیٹا فیضان جاں بحق ہوا۔ حادثے کے وقت فیضان اپنے کزن کے ہمراہ حسین آباد سے واپس آ رہا تھا کہ بنارس پل پر تیز رفتار ٹرالر نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
متوفی کے اہل خانہ کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ حادثہ ٹرالر کی مبینہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ فیضان اپنے بوڑھے والدین کی کفالت کا اہم سہارا تھا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ڈرائیور اور گاڑی مالک کو 13 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو مالی نقصان کا ازالہ ہو سکے۔
عدالت میں دائر درخواست پر مزید کارروائی آئندہ سماعت میں کی جائے گی۔