میر رضا کیس:اسلحہ ملنے سے گتھی سلجھ جائے گی،کراچی پولیس چیف

میڈیکل رپورٹ پولیس سرجن کے ماتحت ڈاکٹر نے تیار کی، ایم ایل او نے لاش کا معائنہ کرکے رپورٹ پولیس سرجن کو بھجوائی۔

August 5, 2026 · قومی
میر رضا کیس:اسلحہ ملنے سے گتھی سلجھ جائے گی،کراچی پولیس چیف

کراچی: کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا ہے کہ میر رضا کی موت کے معاملے کی تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں، جبکہ جائے وقوع سے اسلحہ ملنے کی صورت میں کیس کی گتھی مزید سلجھ سکتی ہے۔

آزاد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات ابتدائی میڈیکل رپورٹ اور جائے وقوع سے جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ پولیس سرجن کے ماتحت ڈاکٹر نے تیار کی، ایم ایل او نے لاش کا معائنہ کرکے رپورٹ پولیس سرجن کو بھجوائی۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق پولیس سرجن نے رپورٹ دو روز تک اپنے پاس رکھی، اگر رپورٹ میں کسی قسم کا مسئلہ یا اعتراض تھا تو اسے بروقت دور کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کارروائی کیلئے میڈیکل ٹیم کی رپورٹ پر انحصار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاش کے ہاتھوں پر گن پاؤڈر کی موجودگی کی تصدیق بھی ضروری ہے، جبکہ کرائم سین یونٹ نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے متعلقہ میڈیکل ٹیم کو فراہم کیے تھے۔

آزاد خان نے سوال اٹھایا کہ ہائی پروفائل کیسز میں دنیا بھر میں میڈیکل ٹیم جائے وقوع کا دورہ کرتی ہے، اس معاملے میں میڈیکل ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیوں نہیں کیا، اس کی وضاحت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اہل خانہ چاہیں تو میڈیکل معائنہ دوبارہ کرایا جا سکتا ہے۔ پولیس چیف کے مطابق جائے وقوع سے اسلحہ غائب ہونے کے معاملے کی بھی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے کچرا چننے والے شخص کی تلاش کی جا رہی ہے۔

کراچی پولیس چیف نے امید ظاہر کی کہ اگر مبینہ طور پر غائب ہونے والا اسلحہ برآمد ہو جاتا ہے تو تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئے گی اور واقعے کی اصل حقیقت تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔