اسلام آباد میں دو نئے انڈر پاسز بنانے اور ایمرجنسی 1122 فعال کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں مختلف میگا منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

August 5, 2026 · قومی
اسلام آباد میں دو نئے انڈر پاسز بنانے اور ایمرجنسی 1122 فعال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے اور شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے دو نئے انڈر پاسز تعمیر کرنے اور ایمرجنسی 1122 سروس کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف میگا منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے کشمیر چوک اور فیصل مسجد کے قریب دو نئے انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں پر باقاعدہ کام آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں ایمرجنسی 1122 کے مکمل فعال نظام کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال ادارے میں تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ قانونی تقاضے فوری طور پر مکمل کیے جائیں اور شہر میں چار نئے ایمرجنسی مراکز کے قیام پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت امدادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں سی ڈی اے کی مالی خودمختاری بڑھانے، مستقل آمدن میں اضافے اور دیرپا ریونیو ماڈل سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ادارے کی مالی مضبوطی بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس کے فوائد حاصل ہو سکیں۔